Social Media Links
Youth Peace & Leadership Summit 2nd Edition 2026 held on 18-06-2026 at District Swat
خیبر پختونخوا یوتھ پالیسی 2026 کے تحت ہاكس یوتھ وژن، ضلعی انتظامیہ سوات اور ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز سوات کے باہمی اشتراک سے نیشنل یوتھ پیس اینڈ لیڈرشپ سمٹ 2026 کا انعقاد ودودیہ ہال سیدو شریف سوات میں کیا گیا، جس میں پاکستان کے مختلف صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، طلبہ، سماجی کارکنان، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
سمٹ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو قومی ترقی، امن کے فروغ، قائدانہ صلاحیتوں، ماحولیاتی تحفظ اور معاشی خودمختاری کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور انہیں ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں وہ اپنے خیالات، تجربات اور تجاویز کا تبادلہ کر سکیں۔
تقریب کے دوران مختلف ماہرین، مقررین اور نوجوان قائدین نے موسمیاتی تبدیلی، قیادت اور نوجوانوں کا کردار ، امن کے فروغ ، نیٹ ورکنگ، کاروباری مواقع اور انٹرپرینیورشپ ، نوجوانوں کے روزگار ، خواتین کو بااختیار بنانے اور منشیات کے نقصانات سے آگاہی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی خطاب کیا اور شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نیشنل یوتھ پیس اینڈ لیڈرشپ سمٹ کے انعقاد کو نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت اور دور رس اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار مستقبل کا انحصار نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا یوتھ پالیسی 2026 نوجوانوں کو تعلیم، ہنر مندی، روزگار، کاروباری مواقع، سماجی شمولیت، قائدانہ تربیت اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں موسمیاتی تبدیلی، انتہاپسندی، بے روزگاری اور منشیات جیسے چیلنجز کا مقابلہ صرف ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان نسل ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں، سماجی خدمت، اختراع، تحقیق اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ سوات نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تربیت اور ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات سید نعمان علی شاہ اور پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سیدو شریف سوات سمیت مختلف سرکاری و تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور نوجوانوں کی کردار سازی اور قومی ترقی میں ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سمٹ کے اختتام پر ملک بھر سے شریک نوجوانوں، مقررین اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء میں شیلڈز، تعریفی اسناد اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
📋 Event Details
-
Event Date
18-06-2026 -
No of Audience
600 -
No of Participants
600 -
Event Venue
District Swat
🖼️ Event Photos