Social Media Links
Seminar on Problems of Khyber Youth held on 17th December 2025 at District Khyber
جمرود جرگہ ہال میں ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز ضلع خیبر اور ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام، جبکہ افریدی یوتھ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے ایک تفصیلی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ضلع خیبر کے وسائل، ترقی کے مواقع اور نوجوانوں کو درپیش مسائل پر جامع گفتگو کرنا تھا۔ سیمینار میں مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ، نوجوان رہنماؤں، مقامی کمیونٹی کے افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
سیمینار میں مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں پروفیسر ڈاکٹر اسلم تاثیر افریدی، یوتھ وزیر اعلئ ڈاکٹر مدثر معین آفریدی، یوتھ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین سکالر زبیر آفریدی، ایڈووکیٹ فیاض، سماجی کارکن زبیح اللہ، ماہر تعلیم عبدالرحمان، تجزیہ نگار معیز آفریدی اور دیگر شامل تھے۔ مقررین نے نوجوانوں کے ساتھ ضلع خیبر کے قدرتی وسائل، ترقی کے امکانات اور مقامی سطح پر موجود مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ ضلع خیبر معدنی وسائل، زرعی زمین، آبی ذخائر، تعلیم اور صحت سمیت بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، تاہم مناسب منصوبہ بندی اور مؤثر استعمال نہ ہونے کے باعث مقامی نوجوان اور کمیونٹی ان سے مکمل فائدہ حاصل نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقے کے وسائل کے تحفظ، بہتر استعمال اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے آگاہی حاصل کریں اور منظم جدوجہد کریں۔
مقررین نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ضلع خیبر میں تعلیمی سہولیات کی کمی، اسکولوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان، پانی کی قلت، صحت کے غیر فعال مراکز، کھیلوں کی سرگرمیوں کی کمی، امن و امان کے مسائل اور پولیس نظام کی کمزوری نوجوانوں کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلع خیبر کے نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔
سیمینار میں ضلع خیبر کے وسائل پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ مقررین کے مطابق یہ علاقہ نوجوان آبادی، محنتی انسانی افرادی قوت اور بیرونِ ملک کام کرنے والے افراد کی ترسیلاتِ زر کی بدولت ایک مضبوط معاشی صلاحیت رکھتا ہے۔ ضلع خیبر کا جغرافیائی محلِ وقوع، بالخصوص طورخم کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے۔
مقررین نے کہا کہ ضلع خیبر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جن میں پانی کے ذخائر، پہاڑی چراگاہیں، جنگلات، زرعی زمین، معدنی وسائل، مویشی پالنا اور تعمیراتی سامان جیسے ریت، بجری اور پتھر شامل ہیں۔ اگر ان وسائل کو بہتر منصوبہ بندی کے تحت استعمال کیا جائے تو یہ علاقے کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ مقامی تجارت، چھوٹے کاروبار، گھریلو صنعتیں، روایتی ہنر، بازاروں کا نظام اور دیہی ڈھانچہ مضبوط بنا کر روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلع خیبر کا ثقافتی اور تاریخی ورثہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے مقامی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
آخر میں مہمانِ خصوصی اور مقررین نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ جدید مہارتیں حاصل کریں، مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنے وسائل، حقوق اور ترقی کے مواقع کے لیے متحرک کردار ادا کریں، کیونکہ ضلع خیبر کی حقیقی ترقی کا انحصار
باصلاحیت اور باخبر نوجوانوں پر ہی ہے۔
📋 Event Details
-
Event Date
17-12-2025 -
No of Audience
300 -
No of Participants
300 -
Event Venue
District Khyber
🖼️ Event Photos