District Youth Office Upper Chitral Organized Symposium and Business Expo to Promote Local Products, Culture, and Entrepreneurship


اپر چترال میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ یوتھ کے زیرِ اہتمام ایک شاندار سیمپوزیم و بزنس ایکسپو کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد ضلع اپر چترال کی مقامی مصنوعات، ثقافت، روایتی دستکاری، ہنر، سیاحت، کاروباری صلاحیتوں اور نوجوانوں کے تخلیقی و جدید آئیڈیاز کو اجاگر کرنا اور انہیں وسیع مارکیٹ سے متعارف کرانا تھا۔

پروگرام کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب احسان اللہ تھے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان و نمائندگان، مختلف نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان، مختلف اضلاع سے آئے ہوئے افسران، تاجر برادری، خواتین انٹرپرینیورز، طلبہ و طالبات اور کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

سیمپوزیم میں محکمہ تعلیم میل و فیمیل اپر چترال، محکمہ زراعت، محکمہ سپورٹس، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بونی، ووکیشنل ٹریننگ سنٹر بونی، محکمہ سوشل ویلفیئر، آغاخان ایجوکیشن سروس، آغاخان رورل سپورٹ پروگرام، ٹریڈ یونین بونی، خواتین مارکیٹ بونی، شندور ویمن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، اپر چترال پریس کلب، مختلف نجی تعلیمی اداروں، محکمہ پولیس، چترال لیویز اپر چترال، محکمہ فشریز اور دیگر اداروں کی بھرپور شرکت اور تعاون قابلِ تحسین رہا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، حمدِ باری تعالیٰ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوا۔

سیمپوزیم میں مختلف اداروں کی جانب سے مقامی مصنوعات، روایتی دستکاری، کڑھائی، ہاتھ سے بنی اشیاء، روایتی کھانے، معدنیات، فشریز، قدیم اشیاء، ثقافتی مصنوعات اور دیگر مقامی وسائل کے مختلف اسٹالز لگائے گئےجن میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مقامی مصنوعات کی خریداری بھی کی۔

مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے اپنے سائنسی پراجیکٹس، جدید اور تخلیقی آئیڈیاز (Innovative Ideas) اور مختلف تعلیمی منصوبوں کی نمائش کی، جنہیں شرکاء کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ آغاخان ایجوکیشن سروس کے مختلف سکولوں، بالخصوص آغاخان ہائر سیکنڈری سکول کوراغ، بونی اور پامیر بونی کیمپس سمیت دیگر سرکاری اور پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

سیمپوزیم میں طلبہ و طالبات کی جانب سے سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کے نقصانات، غیر سماجی رویوں اور معاشرتی مسائل کے حوالے سے آگاہی خاکے اور پرفارمنسز پیش کی گئیں جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔

خواتین انٹرپرینیورز اور مختلف تنظیموں کی جانب سے تیار کردہ خوبصورت کڑھائی، دستکاری اور ہاتھ سے بنی اشیاء نے شرکاء کی خصوصی توجہ حاصل کی، جبکہ روایتی کھانوں کے اسٹالز نے بھی تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔

لاسپور سے آئے ہوئے مستند روایتی فنکاروں نے قدیم اور روایتی گیتوں، موسیقی اور ثقافتی فن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا جس سے اپر چترال کی قدیم ثقافتی روایات کو اجاگر کرنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے میں مدد ملی۔ روایتی موسیقی اور ثقافتی پروگرامز سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔

سیمپوزیم کے دوران مختلف سماجی موضوعات، ڈیجیٹل جرائم، ذہنی صحت، کام کی جگہوں پر ہراسانی اور دیگر اہم معاشرتی مسائل کے حوالے سے آگاہی سرگرمیوں پر بھی توجہ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے سیمپوزیم کے شاندار انعقاد پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے تمام اداروں اور شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرامز اپر چترال کے مقامی ہنر، مصنوعات، ثقافت، سیاحت اور کاروباری صلاحیتوں کو مقامی و ملکی مارکیٹ تک رسائی دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کے انعقاد کو ترجیح دی جائے گی تاکہ مقامی کاروباری افراد اور انٹرپرینیورز کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، نئی مارکیٹس تک رسائی حاصل کرنے اور ضلع میں پائیدار معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ایک مرتبہ پھر تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا اور سیمپوزیم کی کامیابی میں ان کے تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا


📋 Event Details
  • Event Date
    08-10-2026
  • No of Audience
    100
  • No of Participants
    100
  • Event Venue
    Booni, Upper Chitral

🖼️ Event Photos
Event Photo
Event Photo
Event Photo
Event Photo
Event Photo