District Youth Office Khyber Organized Grand Independence Day Celebration for Youth with Cultural, Sports and Awareness Activities

جشنِ آزادی کے موقع پر ضلع خیبر کے نوجوانوں کے لیے پروقار تقریب، مختلف ثقافتی و اصلاحی سرگرمیوں کا انعقاد

خیبر: ڈائریکٹوریٹ یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے تعاون سے محکمہ یوتھ افیئرز خیبر کے زیر اہتمام جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، محکمہ یوتھ افیئرز کے افسران و اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر تاج محمد ترند اور ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی تھے، جبکہ اس موقع پر محکمہ یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے افسران اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا عاطفہ یوسفزائی، اسسٹنٹ کمشنر جمرود سلمان ہستم، محکمہ یوتھ افیئرز خیبر کے افسر زبیح اللہ سمیت ضلع خیبر کے نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

محکمہ یوتھ افیئرز خیبر کے زیر اہتمام منعقدہ جشنِ آزادی کی اس تقریب میں نوجوانوں کے لیے مختلف ثقافتی، تفریحی، اصلاحی اور کھیلوں پر مبنی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے دوران قبائلی روایتی اتنڑ پیش کیا گیا، جبکہ جمناسٹک اور کراٹے کے شاندار مظاہرے بھی کیے گئے۔ اس کے علاوہ اصلاحی موضوع پر مبنی سٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا، جس کے ذریعے معاشرتی مسائل اور نوجوانوں کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں مقامی گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس پیش کی اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور جذبۂ حب الوطنی کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر ننھی بچیوں کی جانب سے خوبصورت ٹیبلو بھی پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی اور انہیں ایوارڈز سے نوازا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر تاج محمد ترند نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے، پاکستان کے آزادی کا دن ہے اور آج کے اس موقع پر ضلع خیبر کے نوجوان ایک جگہ اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، ان میں چھپے پوٹینشل کو سامنے لایا جا رہا ہے اور انہیں مختلف شعبوں میں مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

تاج محمد ترند نے کہا کہ نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ آج کا نوجوان مستقبل میں پاکستان کا ایک مضبوط سرمایہ اور روشن مستقبل بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور کاروبار کے لیے انہیں بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کے لیے یوتھ سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ اسی طرح محکمہ کھیل بھی نوجوانوں کے لیے مختلف کھیلوں کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے تاکہ ضلع اور صوبے کے باصلاحیت نوجوان ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور پاکستان و خیبرپختونخوا کا نام روشن کریں۔

ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جشنِ آزادی کا خوشی کا دن ہے اور اس موقع پر محکمہ یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے تعاون سے محکمہ یوتھ افیئرز خیبر کی جانب سے ضلع خیبر کے نوجوانوں کے لیے ایک بہترین پروگرام ترتیب دیا گیا، جس میں نوجوانوں کے لیے تفریح، ثقافتی سرگرمیوں، کھیلوں اور اصلاحی پروگراموں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تقریب کے دوران نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ایوارڈز دیے گئے، جبکہ نوجوانوں کے لیے ایک اصلاحی ڈرامہ بھی پیش کیا گیا، جو قابلِ تعریف اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے اور ان میں مثبت سوچ، خود اعتمادی اور معاشرتی ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے کہا کہ ہمارے آج کے نوجوان ہی ہمارے کل کا مستقبل ہیں، اس لیے نوجوانوں کو مضبوط بنانا، ان کی اصلاح کرنا، انہیں مختلف شعبوں میں مہارتیں فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ایک مضبوط، پرامن اور بہترین معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے جشنِ آزادی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں، جبکہ نوجوانوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف پروگراموں اور ثقافتی سرگرمیوں کو شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا


📋 Event Details
  • Event Date
    14-08-2026
  • No of Audience
    200
  • No of Participants
    200
  • Event Venue
    District Youth Office Khyber

🖼️ Event Photos
Event Photo
Event Photo
Event Photo
Event Photo
Event Photo
Event Photo