Social Links

Awareness Session on Drug Abuse at District Bannu
محکمہ امور نوجوانان اور ضلعی انتظامیہ بنوں کے باہمی اشتراک سے "نشے سے انکار، زندگی سے پیار" کے عنوان سے انسداد منشیات آگاہی مہم کی مناسبت سے ایک پُراثر اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں منشیات کے مضر اثرات سے آگاہی دینا، انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور معاشرے میں منشیات کے خلاف اجتماعی شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں بنوں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، معزز بزرگوں، سکول و کالج کے طلباء، اساتذہ، بچوں، علما کرام اور سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے اس اہم مہم کو بھرپور عوامی پذیرائی ملی۔
تقریب سے ممتاز قانون دان شاہ قیاز خان ایڈووکیٹ، ماہرِ نفسیات ڈاکٹر شفقت اللہ، ماہرِ تعلیم و سماجی محقق ڈاکٹر معسود افضل (پی ایچ ڈی)، جید علمائے کرام مولانا محمد نور سعید شاہ، مولانا سمیع اللہ اور عادل خیلووی نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منشیات کے انفرادی و اجتماعی نقصانات، نوجوان نسل پر اس کے منفی اثرات، اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی و رہنمائی جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی، معاشرتی اور روحانی زندگی کو بھی تباہ کر دیتی ہیں، لہٰذا اس لعنت سے بچاؤ کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہو گی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر زاہد خٹک نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو باور کرایا کہ نشے سے انکار صرف انفرادی فیصلہ نہیں بلکہ یہ قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو تعلیم، کھیل، فلاحی سرگرمیوں اور مثبت سوچ کے ذریعے تعمیرِ ملت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر زاہد خٹک نے علاقہ عمائدین، علمائے کرام، ڈاکٹر حضرات اور دیگر معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز (سووینئرز) تقسیم کیں اور ان کی کوششوں اور شرکت کو سراہا۔
-
Event Category
new -
Date
2025-06-21 -
Audience
150 -
Participants
150 -
Venue
District Bannu







>